20 نومبر 2013 - 20:30
بغداد میں دھماکے، 143 افراد ہلاک و زخمی

عراق کا دارالحکومت بغداد متعدد دھماکوں اور فائرنگ سے گونج اٹھا جس کے نتیجے میں 43 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ابنا: سرکاری حکام کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں 8 دھماکے ہوئے جس میں سے 7 کار بم دھماکے تھے جس کے نتیجے میں 36 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد  زخمی ہوگئے۔بغداد کے شمالی علاقے ادحامیہ میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

عراق کے شمالی علاقے سلیمانیہ میں 3 مسلح افراد عراقی صدر جلال طالبانی کے چیف سکیورٹی آفیسر کرنل ثروت راشد کے گھر میں گھس گئے اور اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔موصل میں فائرنگ کے مختلف واقعات اور ابو غریب اور بہروزکے علاقوں میں ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں 6 افرادجاں بحق ہوگئے۔کسی بھی گروپ کی جانب سے تاحال  دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ۔

واضح رہے کہ عراق میں جاری فرقہ وارانہ فسادات میں نومبر میں 300 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

.......

/169